منگلورو:21/ جولائی(ایس او نیوز)دکشن کنڑا ضلعی پولس حدود میں سال بہ سال سڑک حادثات میں اضافہ ہورہا ہے۔ اس بات پرضلع پولس ایس پی بھوشن گلاب راؤ نے حادثات کی تفصیلیمعلومات فراہم کرتے ہوئے سخت تشویش کا اظہار کیا
دکشن کنڑا ضلع کے ڈپٹی کمشنر اے بی ابراہیم کی صدارت میں ضلع ڈی سی ہال میں منعقدہ سڑک تحفظ میٹنگ میں وہ جانکاری دے رہے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ سال 2016کے پہلے 6 مہینوں میں یعنی جنوری سے جون تک دکشن کنڑا پولس حدو د میں کل 530سڑک حادثات ہوئے ہیں، جس میں 104لوگ جاں بحق ہوئے ہیں تو 759زخمی ہوئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ قومی شاہراہوں پر اطلاعاتی بورڈس کا نہ ہونااور سڑک تحفظاتی اصولوں پر عمل نہ کرنا حادثات کی اہم وجہ ہے ۔ اس موقع پر ایس پی نے ضلعی انتظامیہ سے اپیل کی کہ سڑک تحفظاتی انتظامات کرتے ہوئے حادثات کو روکنے میں تعاون کریں۔ انہوں نے بتایا کہ ایک ہفتہ کے اندر متعلقہ محکمہ جات کو ضلع کے مختلف تعلقہ جات میں کن کن علاقوں میں کہاں کہاں نوٹس بورڈ نصب کرنا ہے، اور کن کن پوائنٹوں پربیریکیڈس لگانا ہے اس کی فہرست سونپی جائے گی۔ انہوں نے متعلقہ محکمہ کو ان تمام اُمور کے اخراجات برداشت کرتے ہوئے فوری طورپر اقدام کرنے کی ہدایت دی۔
سال بہ سال حادثات میں اضافہ: دکشن کنڑا ضلع پولس حدود میں سال 2011میں 750سڑک حادثات ہوئے ہیں تو 118 جانیں ہلاک اور 1196لوگ زخمی ہوئے ہیں۔ 2012میں 828سڑک حادثات میں 117ہلاک 1338زخمی ہوئے ہیں ۔2013میں 891 سڑک حادثات 147ہلاک اور 1318زخمی ہوئے ہیں ۔ 2014میں 957سڑک حادثات 148ہلاک1336زخمی ہوئے ہیں۔ اسی طرح سال 2015میں کل 959سڑک حادثات میں 169ہلاک اور 1271لوگ زخمی ہوئے ہیں ان تمام باتوں کا ریکارڈ ایس پی بھوشن گلاب راؤ نے پیش کیا۔